ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ٹریفک پر قابو پانے کیلئے دو فلائی اوور کی تعمیر عنقریب

ٹریفک پر قابو پانے کیلئے دو فلائی اوور کی تعمیر عنقریب

Tue, 19 Jun 2018 10:25:30    S.O. News Service

بنگلورو 18 جون (ایس او نیوز) سڑکوں کی بدحالی کے سبب شہر میں ٹریفک جام کا مسئلہ پیش آیا ہے جسے دور کرنے کیلئے تارکول کے بجائے کانکریٹ کی سڑکیں بچھائی گئی ہیں ۔ اولڈ مدراس روڈ کو اولڈ ایرپورٹ روڈ سے جوڑنے والے 2.6کلومیٹر طویل سرنجن داس روڈ پر کانکریٹ کی سڑک تعمیر کی گئی ہے ۔ اس سے عوام خصوصاً گاڑی سواروں کو آسانی ہوگی ۔ اولڈ مدراس روڈ سے اولڈ ایرپورٹ روڈ تک جو سڑک ہے اس کی حالت ابتر ہوگئی ہے ۔ ان سڑکوں کو ترقی دینے کی ضرورت ہے ۔ سی وی رامن نگر حلقہ کے بی جے پی کے رکن اسمبلی ایس رگھو نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ کانکریٹ سے سڑکیں تعمیر کرنے کی صورت میں گڑھے نہیں ہوں گے ، اس سے ٹریفک کا مسئلہ بھی حل ہوجائے گا ۔ اولڈ مدراس روڈ پر دن بہ دن ٹریفک بڑھ رہی ہے جس کے سبب گاڑی سواروں کو یہاں سے گزرنا دشوار ہورہا ہے ۔ ان مسائل کو حل کرنے کیلئے اولڈ مدراس روڈ پر فلائی اوور کی ضرورت ہے ۔ سابق وزیر شہری ترقیات نے اولڈ مدراس روڈ پر فلائی اوور تعمیر کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی امسال فلائی اوور کی تعمیر کا کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کرشنپاگارڈن میں بارش کے پانی کی ذخیرہ اندوزی والے ٹینک، بی ای ایم ایل کی جگہ پر 325 مزدور اور ان کے اہل خانہ ٹینٹ اور شیڈ تعمیر کرکے اس میں رہائش پذیر تھے ان افراد کو مارتہلی کے قریب ہاؤزنگ بورڈ کی طرف سے اپارٹمنٹ تعمیر کروایا گیا ہے ۔ لیکن مزدور ان مکانوں میں رہائش اختیار کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں ۔ ان کو منانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی وی رامن نگر سے ریاستی حکومت کو سالانہ 120 کروڑ روپئے ٹیکس ادا کی جارہی ہے ۔ اس میں سے کچھ رقم حلقہ کی ترقی کیلئے استعمال کرنی ہوگی ۔ اس سلسلہ میں وزیر اعلیٰ سے اپیل کی جائے گی ۔


Share: